لاہور(نیوز ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہ وحید نے کیس کی سماعت کی۔تحریک انصاف یوتھ ونگ کے رہنما علی جاوید ڈوگر ایڈووکیٹ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ مصطفی کمال اور انیس قائم خانی کی اعترافی پریس کانفرنس ایم کیو ایم کیخلاف چارج شیٹ ہے اور ثابت ہو گیا کہ ایم کیو ایم ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہے۔ انہوں نے کہا کہ مصطفی کمال کہہ چکے ہیں کہ الطاف حسین را کے ایجنٹ ہیں۔ پولیٹیکل پارٹیز آرڈر کی دفعہ 15 کے تحت ریاست مخالف سیاسی جماعت کی رجسٹریشن نہیں ہو سکتی اس لیے قانون کے مطابق وفاقی حکومت کو ریاست مخالف سیاسی جماعت کیخلاف سپریم کورٹ کو ریفرنس بھجوانے کا اختیار ہے جبکہ الیکشن کمیشن بھی قانون کے مطابق ایم کیو ایم کی رجسٹریشن منسوخ کر سکتاہے انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ وفاقی حکومت کو ایم کیو ایم کیخلاف سپریم کورٹ میں ریفرنس دائر کرنے کا حکم جائے اور الیکشن کمیشن کو ہدایت کی جائے کہ ایم کیو ایم کی رجسٹریشن منسوخ کی جائے۔جس پر عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی بیان بازی کو جواز بناء کر عدالت کسی جماعت پر پابندی عائد نہیں کر سکتی۔عدالت نے درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کر دی۔