لاہور(نیوز ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ میرے تین ادوار میں اگر ایک دھیلے کی بھی کرپشن ثابت ہو جائے ہر طرح کی سزا بھگتنے کیلئے تیار ہوں اور سیاست کو خیرباد کہہ دوں گا ،نیب نے آمریت دور میں اربوں کے کرپشن سکینڈلزمیں کیاکارروائی کی، سکینڈل کے تحریری ثبوت موجود ہیں، جلد قوم کے سامنے حقائق لائوں گا،اراضی کمپیوٹرائزیشن کے جدید نظام سےقتل و غارت، کرپشن اور پٹواری کلچر سے نجات ملے گی اور اس نظام کو مزید مضبوط بنانے کیلئے اسمبلی میں قانون سازی بھی کی جائے گی۔ ایوان اقبال میں ”پنجاب لینڈ ریکارڈ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم“ کے تاریخ ساز منصوبے کی تکمیل پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ بعض تحصیلداروں اور پٹواریوں کی کرپشن ایک طرف کردیں اور پورے پاکستان کی کرپشن ایک طرف کردیں تو پٹواریوں اورتحصیلداروں کی کرپشن بڑھ جائے گی،اس کے بارے میں نیب کا کیا خیال ہے۔میری نیب سے کوئی مخالفت نہیں ۔ میں نے ہمیشہ احتساب کی بات کی ہےکیونکہ جتنی کرپشن ہوگی اتنی غربت بڑھے گی۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کی تمام تحصیلوں میں لینڈ ریکارڈ کمپیوٹرائزیشن کا جدید نظام رائج ہو چکا ہے جہاں عوام کو 30 منٹ میں فرد ملکیت مل رہی ہے جبکہ انتقال اراضی کا عمل 50 منٹ میں مکمل ہوتا ہے۔ اب کسی کو فرد ملکیت کے حصول اور انتقال اراضی کے معاملات میں رشوت نہیں دینا پڑے گی۔