کراچی (نیوز دیسک) جوڈیشیل مجسٹریٹ ساؤتھ کی عدالت میں سانحہ بلدیہ ٹاؤن کی سماعت ہوئی۔ تفتیشی افسر نے نئی جے آئی ٹی رپورٹ عدالت میں پیش کی جس میں حماد صدیقی ، عبدالرحمان بھولا اور عمر سمیت آٹھ ملزمان کے نام شامل ہیں۔ نئی جے آئی ٹی رپورٹ میں انیس قائم خانی کا نام شامل نہیں ہے۔ عدالت نے رپورٹ دیکھنے کے بعد سابقہ جے آئی ٹی رپورٹ طلب کی ہے۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ اصل جے آئی ٹی رپورٹ محکمہ داخلہ سندھ کے پاس ہے۔ عدالت نے تفتیشی افسر کو حکم دیا کہ گواہوں کے بیانات اور دیگر تمام اصل دستاویز عدالت میں پیش کریں،۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ نئی جے آئی ٹی رپورٹ کی روشنی میں نیا مقدمہ درج کیا جائے گا جس کے لئے محکمہ داخلہ کی ہدایت کا انتظار کر رہے ہیں۔ عدالت نے مفرور ملزم منصور احمد کی عدم گرفتاری پر برہمی کا اظہار کیا اور تفتیشی افسر کی سرزنش کرتے ہوئے کہا ادھر ادھر کی باتیں نہ کرو سیدھی طرح بتاؤ کہ گرفتار کیوں نہیں کیا تم سب ملے ہوئے ہو۔ عدالت نے وکلا صفائی سے سوال کیا کہ عزیز بھائلیہ کہاں ہے جس کا وکلا صفائی نے جواب نہیں دیا۔ عدالت نے ملزم منصور احمد کے ایک مرتبہ پھر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے سماعت 22 مارچ تک ملتوی کر دی۔