اسلام آباد(نیوز ڈیسک)پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹر سعید غنی نے کہا ہے کہ نیب کو چاہیے کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے بیانات پر اپنی پوزیشن واضع کرے ورنہ اس رائے کو تقویت ملے گی کہ دال میں کچھ کالا ہے اس طرح وزیراعلیٰ پنجاب کو چاہیے کہ اگر نیب کے بارے میں ان کے پاس ٹھوس ثبوت ہیں تو عوام کے سامنے لائیں کیونکہ عوام کے منتخب وزیراعلیٰ کے ناطے شہباز شریف کی یہ ذمے داری ہے کہ وہ تمام معاملات عوام کے سامنے پیش کریں۔ اپنے ایک بیان میں سینیٹر سعید غنی نے کہا کہ ڈاکٹر عاصم حسین چھ ماہ سے قید ہیں ان کے خلاف کوئی ثبوت سامنے نہیں لایا گیا صرف میڈیا ٹرائل کے ذریعے ان کی ساکھ متاثر کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چھ ماہ سے ڈاکٹر عاصم حسین کا میڈیا ٹرائل کیا جا رہا ہے اور انہیں ذہنی اذیت دی جا رہی ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ اگر کل ڈاکٹر عاصم حسین کے خلاف کوئی الزام ثابت نہ ہوا تو پھر ان کے ساتھ جو زیادتی کی جا رہی ہے اس کا ازالہ کون کرے گا؟