لاہور(نیوز ڈیسک)واہگہ ٹاﺅن انتظامیہ کی طرف سے باٹا پور میں تجاوزات کےخلاف آپریشن کے دوران کار سرکار میں مدخلت اور توڑ پھوڑ کے الزام میں (ن) لیگ کے چیئرمین یونین کونسل سمیت 27افراد کو گرفتار کر لیا گیا ،تاجروں اور اہل علاقہ نے متعلقہ تھانے کا گھیراﺅ کرکے شدید نعرے بازی کی۔ تفصیلات کے مطابق واہگہ ٹاﺅن انتظامیہ نے پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ باٹا پور میں تجاوزات کےخلاف وسیع پیمانے پر آپریشن کیا اور پختہ تجاوزات بھی گرا دی گئی۔ اس دوران یونین کونسل 182سے مسلم لیگ (ن) کے چیئرمین راشد بٹ سمیت دیگر افراد نے مزاحمت کی جس پر انتظامیہ کی مدعیت میں چیئرمین سمیت 27افراد کے خلاف کار سرکار میں مداخلت اورمشینری کو نقصان پہنچانے کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کر کے گرفتار کر لیا گیا۔ تاجروں اور اہل علاقہ کی ایک بڑی تعداد متعلقہ تھانے پہنچ گئی او ر گھیراﺅ کر شدید نعرے بازی کی ۔ اس دوران پولیس کی مزید نفری بھی منگوا لی گئی ۔