لاہور(نیوز ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے معروف اداکار اور گلوکار علی ظفر کے سوال پر ردعمل دیا ہے۔ علی ظفر نے وزیراعلیٰ پنجاب سے سوشل میڈیا پر جاری ہونے والی ان گرافکس کا حوالہ دیتے ہوئے پوچھا تھا کہ ان میں کتنی صداقت ہے۔ علی ظفر نے ٹویٹر پر گرافک شیئر کی جس میں دکھایا گیا ہے کہ لاہور اورنج لائن ٹرین منصوبے پر 162 بلین روپے لاگت آئی ہے جبکہ صوبہ پنجاب میں تعلیم پر 59 بلین اور صحت عامہ پر صرف 54 بلین روپے کا بجٹ رکھا گیا ہے۔ علی ظفر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر وزیراعلیٰ پنجاب کو ٹیگ کیا اور ان سے اس گرافک کی صداقت کے بارے میں سوال اٹھایا۔ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے علی ظفر کے سوال پر ردعمل دیتے ہوئے لکھا کہ صوبہ پنجاب میں تعلیم کا بجٹ 310 بلین ہے، 59 بلین نہیں اور صحت عامہ کے حوالے سے پنجاب حکومت نے 54 بلین نہیں بلکہ 166 بلین بجٹ رکھا ہے، اس لئے گرافک میں دکھایا جانے والے اعدادوشمار میں کسی قسم کی کوئی صداقت نہیں ہے۔