اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) وفاقی وزیر برائے اُمورکشمیر وگلگت بلتستان چوہدر ی محمد برجیس طاہر نے ممتاز صحافی واینکرپرسن مشتاق منہاس کی مسلم لیگ(ن) آزادکشمیر میں شمولیت پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اُن کی شمولیت سے مسلم لیگ (ن) آزادکشمیر میں اوربھی زیادہ مضبوط ہو گی ۔اُنہوںنے ان خیالات کا اظہار آج اسلام آبادمیں مشتاق منہاس کی مسلم لیگ(ن)آزادکشمیر میں شمولیت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ مشتاق منہاس ایک مایہ ناز صحافی اور اینکرپرسن ہیں اور اُن کے پاکستان اور آزادکشمیر سے متعلق پرخلوص نظریات سے پاکستان اور آزادکشمیر کے عوام بھی بخوبی واقف ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ صحافت اور سیاست کا چولی دامن کا ساتھ ہے اور ماضی میںبھی کئی مایہ ناز صحافیوں نے سیاست میں شمولیت اختیار کر کے ملک وقوم کی تعمیر و ترقی میں اپنا بھر پور کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہر شعبے کے اپنے چیلنجزاور اپنی لیمی ٹیشنز ہوتی ہیں اور کہا کہ میں اس اُمید کا اظہار کرتاہوں کہ جس طرح مشتاق منہاس صاحب نے صحافت کی دنیا میں سخت محنت سے اپنا لوہامنوایا ہے اسی طرح وہ سیاسی میدان میں بھی سخت محنت اور لگاﺅ سے کام کریں گے اور عوام کی خدمت کے لیے اپنابھرپور کردار ادا کریں گے۔چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا کہ آج کا دن مسلم لیگ(ن) آزادکشمیر کے لیے ایک سنہری دن کی حیثیت رکھتا ہے کیونکہ مشتاق منہاس جیسی شخصیت کی مسلم لیگ(ن) میں شمولیت ایک طرف تو مسلم لیگ (ن) کی شفافیت اور جمہوری اقدار پر مہر ثبت کرنے کے مترادف ہے تو دوسری جانب میاں محمدنواز شریف کی قیادت اور اُن کے وژن پر بھر پور اعتماد کا اظہار بھی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ اس سے یہ بات ثابت ہو تی ہے کہ مسلم لیگ(ن) ہی آزادکشمیر کی سب سے مقبول ،شفاف اور محب وطن جماعت ہے کیونکہ جب کوئی صحافت سے تعلق رکھنے والی شخصیت کسی سیاسی جماعت سے وابستی کا اعلان کرتی ہے تو وہ اس کی اچھائیوں سے متعلق مکمل چھان بین کرکے اس کے بعد اُس جماعت کا حصہ بنتا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں آئندہ انتخابات نئی ووٹرلسٹوں پر ہوں گے اور صاف و شفاف انتخابات کے انعقاد کویقینی بنانے کے لیے وفاق کی طرف سے ہر ممکن تعاون کیا جائےگا۔اُنہوں نے مزید کہا کہ آزادکشمیر کے پیش آمدہ ریاستی انتخابات میں مسلم لیگ(ن)بھر پور اکثریت سے کامیاب ہو کر آزادکشمیر کے عوام کی خدمت کرے گی اور میاں محمد نوازشریف کے وژن کے مطابق آزادکشمیر کی تعمیر و ترقی میں بھرپور کردار ادا کرےگی۔