اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے پاکستانی شہریت کےلئے بھارتی خاتون کے خط کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو قوانین کے مطابق فوری طور پر خاتون کو پاکستانی شہریت دینے کی ہدایت کی ہے۔ بھارتی خاتون نے کئی برس قبل ایک پاکستانی سے شادی کی تھی جس کی درخواست وزارت داخلہ میں 2008 ءسے زیر التوا ہے۔ خاتون نے خاوند کی وفات کے بعد اپنے حصے کی جائیداد سے محروم کئے جانے اور اپنے سوتیلے بیٹوں کی مبینہ نا انصافیوں کا نوٹس لینے اور پاکستانی شہریت کے حصول کے لئے وزیر داخلہ سے مدد کی اپیل کی تھی۔ وزیر داخلہ نے خط کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو خاتون کو قوانین کے مطابق فوری طور پر پاکستانی شہریت دینے کی ہدایت کی ہے۔وزیر داخلہ نے متعلقہ حکام کو یہ ہدایت بھی کی ہے کہ خط میں تحریر کردہ دیگر امور کی مکمل چھان بین کر کے خاتون کو اس کے جائز حقوق سے مبینہ طور پر محروم کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔