اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وزیرداخلہ کے احکامات کی روشنی میں پہلی دفعہ غیر ملکی ائیر لائنز کو نہ صرف اس بات کا پابند بنایا گیا ہے کہ وہ کسی شخص کو بغیر ویزہ اوربغیر اجازت پاکستان نہیں لائیں گی بلکہ اس پالیسی کی خلاف وزری کرنے والی ائیرلانز پرباقاعدہ طور پربھاری جرمانے بھی عائد کئے گئے ہیں۔ ترجمان وزارتِ داخلہ کے مطابق اس ضمن میں ایف آئی اے کی جانب سے گذشتہ ایک ماہ میں مختلف ائیر لانز کوپچہتر(75) لاکھ روپے جرمانے کے نوٹسز جاری کئے گئے ہیں جن میں سے اب تک پچیس لاکھ روپے سرکاری خزانے میں جمع ہو چکے ہیں۔ واضح رہے کہ ماضی میں جہاں ایک طرف بغیر ویزہ مختلف ملکوں کے شہریوں کوپاکستان آنے کی اجازت دے دی جاتی تھی وہاں شہریت کی تصدیق کیے بغیر ہی ملکی و غیر ملکی پروازوں کے ذریعے لوگوں کی ایک بڑی تعداد کو پاکستان کے حوالے کر دیا جاتا تھا اور اس سلسلے میں کبھی کوئی کاروائی دیکھنے میں آئی۔ متعلقہ حکام کی اس مجرمانہ غفلت کے نتیجے میں جہاں ایک طرف پاکستانی ویزہ قوانین کی دھجیاں اڑائی گئیں وہاں مختلف شہریت کے حامل اور مختلف جرائم میں ملوث اشخاص کوپاکستانی قرار دے کر ملک میں لایا جاتا رہا اور یوں ملک کو جرائم پیشہ افراد کیلئے ڈمپنگ گراؤنڈ بنا دیا گیا تھا۔وزیرِداخلہ نے اس امر کا نوٹس لیتے ہوئے ایف آئی اے اور متعلقہ حکام کو سختی سے ہدایت کی کہ آئندہ اس سلسلے میں کسی قسم کی رعایت یا نرمی نہ برتی جائے۔ ترجمان نے کہا کہ وزیر داخلہ کی ان ہدایات کی روشنی میں ایف آئی اے نے پاکستان آنے والے درجنوں لوگوں کو نامکمل یا جعلی دستاویزات کی بنا پر اگلی ہی فلائٹ سے واپس بھیج دیا۔ کرکٹ کے مشہور کھلاڑی ڈینز جونز کو بھی پاکستانی ویزہ نہ ہونے کی پاداش میں امیگریشن کی اجازت دینے سے انکار کر تے ہوئے اسی فلائٹ سے واپس کر دیا گیا تھا۔مزید براں حال ہی میں انڈیا سے تعلق رکھنے والی مشہور اداراکارہ شرمیلا ٹیگور کو سفری دستاویزات مکمل نہ ہونے کی وجہ سے واہگہ بارڈر پر روک لیا گیا تھا تاوقتیکہ انکے دستاویزات مکمل کئے گئے اور انکو واپس جانے کی اجازت دی گئی ۔یہ اس بات کا واضح مظہر ہے کہ پاکستانی قانون سب کیلئے برابر ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ وزیر داخلہ کے ہدایات کی روشنی میں ایف آئی اے کی جانب ویزہ قوانین اور شہریت کی تصدیق کے سلسلے میں وزارتِ داخلہ کی جانب سے طے کئے گئے قواعد و ضوابط پر ان کی روح کے مطابق عمل کیا جا رہا ہے اور اس سلسلے میں کسی بھی ائیر لائنز کے ساتھ کسی قسم کی کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی۔