سیالکوٹ(نیوز ڈیسک) ایف آئی اے نے کروڑوں روپے مالیت کی غیر ملکی کرنسی متحدہ عرب امارات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 3 ملزمان کو حراست میں لے لیا ۔اطلاعات کے مطابق سیالکوٹ ائیرپورٹ پر تعینات اہلکاروں نے شارجہ جانے والے ایک مسافر عرفان الطاف کے سامان سے کروڑوں روپے کی غیرملکی کرنسی برآمد کرلی، ایف آئی اے نے ملزم کی نشاندہی پر ایئرپورٹ کی کارپارکنگ میں موجود اس کے 2 مزید ساتھیوں کو بھی حراست میں لے لیا۔ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ ملزم عرفان الطاف کے قبضے سے ایک لاکھ 80 ہزار یورو اور 58 ہزار درہم برآمد کیے گئے ہیں جس کی مالیت 3 کروڑ 73 لاکھ پاکستانی بنتی ہے۔ تینوں ملزمان کو گرفتار کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی انٹیلی جنس ادارے نے علامہ اقبال ایئرپورٹ سے 20 کروڑروپے مالیت کی غیرملکی کرنسی دبئی اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ایک شخص کو حراست میں لے لیا تھا۔