ؒلاہور(نیوز ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے ریلوے اسٹیشن لاہور کو دھماکے سے اڑانے کی منصوبہ بندی کرنے والے مجرم کی سزا کے خلاف دائر اپیل مسترد کر دی۔گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس صداقت علی خان نے کیس کی سماعت کی۔مجرم عبدالغنی کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ اسکے موکل کے خلاف پولیس نے جھوٹا اور بے بنیاد مقدمہ درج کیا۔انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے ناکافی گواہوں اور ثبوتوں کے باوجود مجرم کو عمر کی قید کی سزا کا حکم سنا رکھا ہے لہٰذاعدالت دہشتگردی عدالت کے فیصلے کو کالعدم قرار دے۔ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل پنجاب خرم خان نے عدالت کو آگاہ کیا کہ پولیس نے اپنے مخبر کی اطلاع پر مجرم عبدالغنی کو تین کلو دھماکہ خیز مواد کے ہمراہ رنگے ہاتھوں گرفتار کیا۔مجرم عبدالغنی دھماکہ خیز مواد کے ساتھ ریلوے اسٹیشن کو اڑانے کی منصوبہ کر کے آیا تھا لہٰذااسکی اپیل مسترد کی جائے۔جس پر عدالت نے فریقین کے وکلاءکے دلائل سننے کے بعد مجرم کی اپیل مسترد کر دی۔