کراچی(نیوزڈیسک)ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے کہا ہے کہ پاک فوج سے روز اول سے محبت کا رشتہ ہے، غلط فہمیوں کو دور کرنے میں کوئی کسر نہیں اٹھا رکھیں گے۔ فاروق ستار کہتے ہیں کہ انتہاء پسندی اور دہشت گردی کے خلاف افواج پاکستان کے اقدامات قابل تعریف ہیں۔ ایم کیو ایم داخلی استحکام اور ملک کو لاحق خطرات سے نمٹنے میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔ رابطہ کمیٹی نے اعلان کیا کہ متحدہ کے بارے میں پیدا کی جانے والی غلط فہمیاں دور کریں گے۔نائن زیرو پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے فاروق ستار اور رابطہ کمیٹی کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان سے روز اول سے محبت کا رشتہ قائم ہے۔ قائد نے تمام غلط فہمیاں دور کرنے کا حکم دیا ہے۔ انتہاء پسندی اور دہشت گردی کے خلاف افواج پاکستان کے خلاف جنگ میں افواج پاکستان کا کردار قابل تحسین ہے۔فاروق ستار کا کہنا تھا کہ میئر اور ڈپٹی میئر کے اختیارات کے لئے جد و جہد جاری رہے گی۔ ان کے انتخابات کے لئے دھرنے دینے پڑے تو دیں گے، اپنی مدد آپ کے تحت صفائی مہم شروع کریں گے۔ فاروق ستار نے مزید کہا کہ سندھ سمیت پورے ملک کو کرپشن سے پاک کرنے کے لئے عسکری قیادت سے تعاون پر تیار ہیں۔