لاہور(نیوز ڈیسک) وزیر اعلیٰ پنجاب نے تحفظ حقوق نسواں بل پر مخالفین کی تنقید مسترد کر دی، بل کو عورتوں کی ترقی کا بل قرار دے دیا، کہتے ہیں عورتوں کی ترقی کے بغیر کوئی بھی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا۔ تحفظ حقوق نسواں بل پر سیاسی مخالفین اور وفاق میں اپنے ہی اتحادی مولانا فضل الرحمن کی مسلسل تنقید سننے کے بعد وزیر اعلیٰ شہباز شریف میدان میں آ گئے۔ سیاسی مخالفین کی تنقید کو یکسر مسترد کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے تحفظ حقوق نسواں بل کو عورتوں کی ترقی کا بل قرار دے دیا۔ یہ بات وزیر اعلیٰ پنجاب نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہی، ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت خواتین کی ترقی کیلئے قائد اعظم کے ویڑن کے مطابق کام کر رہی ہے اور عورتوں کی ترقی کے بغیر کوئی بھی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا۔ ٹویٹ میں شہباز شریف نے پنجاب اسمبلی سے پاس ہونے والے مذکورہ بل کو پنجاب میں عورتوں کی ترقی سے منسوب کیا ہے۔