پشاور (نیوز ڈیسک)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے ترقیاتی منصوبوں کی معیاری تکمیل اور فنڈز کے نتیجہ خیز استعمال کو یقینی بنانے کیلئے منتخب عوامی نمائندوں کے ذمہ دارانہ کردار کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ موجودہ صوبائی حکومت نے تبادلوں تعیناتیوں پر مبنی سیاست کا خاتمہ کرکے حقیقی جمہوری سیاست اور بہترین حکمرانی کو فروغ دیا ہے جس کا تسلسل ہی قوم کے کامیاب مستقبل کا ضامن ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں اراکین صوبائی اسمبلی کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔و فد کے اراکین میں حاجی صالح محمد خان، سردار ظہور، میاں ضیاء الرحمن اور شیراز خان شامل تھے جبکہ پاکستان مسلم لیگ ن کے پارلیمانی لیڈر سردار اورنگزیب نلوٹھہ بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ وزیراعلیٰ نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت نے صوبائی اداروں کا قبلہ درست کرکے قوم کو بہترین حکمرانی کا ایک مربوط نظام دیا ہے جس کے تسلسل کو برقرار رکھنے میں ہی قوم کی کامیابی ہے انہوں نے کہا کہ حکومت نے میرٹ کو بحال کرکے عوامی نمائندوں کو تبادلوں اور تعیناتیوں کے جھنجھٹ سے آزاد کر دیا ہے تاکہ وہ صحیح معنوں میں قوم کی نمائندگی کا حق ادا کرسکیں انہوں نے حکومت کے اصلاحاتی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ صوبے میں تعلیمی اور طبی اداروں کی بہتری کیلئے بھر پور اقدامات کئے ہیں انہوں نے واضح کیاکہ موجودہ حکومت عمارتوں کی غیر ضروری تعمیر کی بجائے اداروں میں عملے کی کمی کو دور کرنے پر توجہ دے رہی ہے کیونکہ بغیر سٹاف کے عمارتوں کا کوئی فائدہ نہیں انہوں نے کہاکہ صوبے میں چار سو ہائیر سیکنڈری سکولوں کو اپ گریڈ کیا جارہا ہے جبکہ سکولوں میں فرنیچر ز کی فراہمی بھی یقینی بنائی جارہی ہے وزیراعلیٰ نے تعمیراتی منصوبوں میں معیار کو برقرار رکھنے کی ضرور ت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ انہوں نے بغیر نکاسی آب اور تحفظ کے انتظامات کے بغیر سڑکوں کی تعمیر نہ کرنے کی ہدایت کی ہے کیونکہ یہ منصوبے جزوقتی نہیں بلکہ مستقبل کیلئے بھی ہوتے ہیں انہوں نے کہاکہ عوامی نمائندے تعمیراتی کاموں پر نظر رکھیں اور عوامی وسائل کے غلط استعمال کو روکیں انہوں نے مزید کہاکہ ہمیں اپنی نئی نسل کیلئے اس ملک کو ٹھیک کرنا ہے اگر منتخب عوامی نمائندے ذمہ داری کا مظاہرہ کریں تو صوبے کی تقدیر بدل سکتی ہے وزیراعلیٰ نے کہاکہ راہداری روٹ سے متعلق وفاق کو صوبے کے تحفظات و مطالبات سے تحریری طور پر آگاہ کر دیا ہے انہوں نے کہاکہ صوبے میں راہدری روٹ اور اس سے منسلک دیگر منصوبوں کی تعمیر کیلئے فزبیلٹی بنا کر وفاقی حکومت کو دیں گے اور صوبے کے حقوق کا بھر پور تحفظ کیا جائے گا وفد نے صوبائی حکومت کے اصلاحاتی اقدامات کو سراہتے ہوئے تبدیلی کے ایجنڈے کے تحت حکومتی جدوجہد کی کامیابی کیلئے اپنی طرف سے بھر پورکردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی۔