لاہور(نیوز ڈیسک )معروف وکیل عاصمہ جہانگیر کا کہنا ہے کہ کسی ادارے کو یہ حق حاصل نہیں کہ کسی وکیل یا شخص کی زبان بندی کرسکیں۔لاہورمیں ہائی کورٹ بار کے سالانہ انتخابات کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے عاصمہ جہانگیر نے کہا کہ افتخار محمد چوہدری کے جانے سے عدلیہ میں اچھی تبدیلیاں آئی ہیں لیکن ابھی ماحول اتنا خوش آئند نہیں کہ یہ کہا جاسکے کہ عوام کو انصاف مل رہا ہے۔وکیل رہنما کا کہنا تھا کہ کسی ادارے کو یہ حق حاصل نہیں کہ کسی وکیل یا شخص کی زبان بندی کرسکیں، بارکسی جج کی ڈکٹیٹرشپ قبول نہیں کرے گی ،عدلیہ کا ادارہ وکیل یا ججوں کی ملکیت نہیں اس کے مالک پاکستان کی عوام ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایسی جماعتیں بارکی سیاست میں اتنی مداخلت کریں جتنی انہیں زیب دیتی ہے ، اگربارنہ ہو تو سیاسی جماعتیں دو دن جمہوریت نہیں نکال سکتی۔واضح رہے کہ گزشتہ روز عاصمہ جہانگیرنے ایم کیو ایم کے قائد کے بیانات اورتصاویر کی نشر و اشاعت پر پابندی کے خلاف درخواست کی سماعت پر کمرہ عدالت میں کہا تھا کہ جج پرچیوں پر فیصلہ کررہے ہیں۔