اسلام آباد(نیوزڈیسک)پاکستان نے روس اور امریکہ کے درمیان شام میں جنگ بندی سے متعلق معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہوئے مہاجرین کا مسئلہ جلد از جلد حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔جمعہ کو ترجمان دفتر خارجہ نے شام کے بحران سے متعلق میڈیا کے استفسار پر بتایا ہے کہ پاکستان شام میں جنگ بندی کے حوالے سے امریکہ اور روس کے درمیان طے پانے والے معاہدے کا خیر مقدم کرتا ہے جس کی رو سے شام میں متحارب فریقین 27 فروری سے ایک دوسرے کیخلاف کارروائیاں روک دیں گے ۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے شام سے متعلق غیر جانبداری شام کی علاقائی سالمیت اور خود مختاری کے احترام پر مبنی اصولی موقف ہمیشہ سے برقرار رکھا ہوا ہے تاہم ہمیں شام میں پیدا ہونے والے انسانی بحران پر تشویش ہے اور مہاجرین کے بحران کو جلد از جلد حل کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہیں ۔ ترجمان نے کہاکہ ہم شام سے متعلق بین الاقوامی سپورٹ گروپ (آئی ایس ایس جی) کی طرف سے معاہدے کی کامیابی کیلئے کی جانیوالی کوششوں کو بھی سراہتے ہیں ۔واضح رہے کہ امریکہ اور روس کے درمیان شام کی صورتحال سے متعلق طے پانے والے معاہدے کے مطابق دونوں ممالک جنگ بندی کی نگرانی کرینگے ۔