کراچی (نیوز ڈیسک)وزیراعظم محمد نواز شریف کے دورہ کراچی کے موقع پر انو بھائی پارک کے قریب انکی سکیورٹی پر تعینات پولیس موبائلز خراب ہو گئی ، سکیورٹی پر مامورپولیس اہلکاروں نے گاڑ یو ں کو دھکے لگاکر روڈ کنارے کھڑا کیا جہاں سے لفٹر کے ذریعے انکو ورکشاپ منتقل کیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نواز شریف کے دورہ کراچی کے موقع پر کراچی پولیس کی فول پروف سکیورٹی کا پول کھل گیا ہے ، وزیرعظم کے دورہ انو بھائی پارک سے کچھ دیر قبل ہی پارک اطراف میں پٹرولنگ پر مصروف پولیس کی 2 موبائلز خراب ہو گئی اور پولیس اہلکار سکیورٹی کے بجائے گاڑیوں کو دھکے لگاتے رہے ،پولیس وین کی خرابی کے باعث سڑک پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں بھی لگ گئی ۔پولیس اہلکاروں نے دھکے لگا کر گاڑیوں کو روڈ کنارے کھڑا کیا جہاں سے لفٹر کے ذریعے ان گاڑیوںکو ورکشاپ منتقل کیا گیا ، واضح رہے کہ گزشتہ کچھ روز قبل خطرناک مجرموں کو عدالت پیشی کے لیے لے جانے والی دو گاڑیاں بھی خراب ہو گئی تھی جنہیں پولیس اہلکاروں کو دھکے لگاتے دیکھا گیا تھا۔