اسلام آباد (نیوزڈیسک ) بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں کروڑوں کی کرپشن پکڑی گئی۔ ملازمین کی ملی بھگت سے سوا لاکھ سے زائد جعلسازوں کو تین سال سے ادائیگیاں کی جا رہی تھیں۔ پروگرام چیف ماروی میمن کہتی ہیں کہ تمام مستحقین کی بائیو میٹرک تصدیق ہوگی۔ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں سوا لاکھ جعلی مستحقین کا انکشاف۔ قومی خزانے کو 30 کروڑ روپے کا ٹیکا۔ جعلسازوں کو ادائیگیاں معطل ، تحقیقات شروع۔ تمام مستحقین کی بائیو میٹرک تصدیق کا فیصلہ۔ بی آئی ایس پی کی سربراہ ماروی میمن نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کو بتایا کہ ایک لاکھ 25 ہزار 714 چکرباز تین سال سے امدادی رقم وصول کر رہے تھے۔ سکینڈل میں محکمے کے 75 ملازمین ملوث نکلے۔ پروگرام کو نقصان کے حقیقی اعداد و شمار مارچ میں تحقیقات مکمل ہونے پر سامنے آئیں گے۔ ماروی میمن کا کہنا تھا کہ نادرا اور بی آئی ایس پی کی مشترکہ ٹیم محکمانہ آڈٹ کرے گی۔ پروگرام سے فائدہ اٹھانے والے تمام مستحقین کی بائیو میٹرک تصدیق جولائی میں شروع کی جائے گی اور یہ عمل فروری 2017 میں مکمل ہو گا۔