اسلام آباد (نیوزڈیسک) ڈپٹی اسپیکر مرتضیٰ عباسی اور پیپلزپارٹی کے رکن اعجاز جاکھرانی کے مابین شدید جھڑپ اعجازجاکھرانی نے غصہ میں آ کر اپنا مائیک توڑ دیا۔ ڈپٹی سپیکر اور اعجازجاکھرانی کے مابین جھڑپ اس وقت ہوئی جب اعجاز جاکھرانی وزیر تجارت پر برآمدات کم ہونے پر تنقید کر رہے تھے۔ ڈپٹی سپیکر نے اعجاز جاکھرانی کو ہدایت کی کہ وہ تقریر نہ کریں بلکہ سوال کریں اور سوال مختصر ہوتا ہے طویل بولا جائے تو سوال نہیں ہوتا ڈپٹی سپیکر کے اس برجستہ جملے پر اعجاز خان آپے سے باہر ہو گئے اور غصہ میں آ گئے‘ انہوں نے زور سے اپنے سامنے مائیک کو ہٹ (HIT) لگائی جس سے مائیک ٹوٹ گیا اور مائیک کا ٹوٹا ہوا حصہ سپیکر ڈائس کے سامنے چلا گیا۔ دونوں رہنماؤں کے مابین الزامات کا سلسلہ بھی چلتا رہا۔ اعجاز خان نے الزام لگایا کہ جب بھی ہم بولتے ہیں ڈپٹی سپیکر ہماری آواز میں دخل اندازی کرتے ہیں آپ ہمارے ساتھ مثبت رویہ رکھیں ہم ایسے رویہ کو برداشت نہیں کریں گے جس پر ڈپٹی سپیکر نے بھی ایوان میں خوشگوار ماحول برقرار رکھیں اور سوالات کو سوال کے انداز میں پیش کریں۔ اعجاز خان جاکھرانی کے حق میں پیپلزپارٹی کے کسی رکن نے آواز نہیں اٹھائی۔