اسلام آباد (نیوز ڈیسک )وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ سوشل سائنسز کی تعلیم سے لوگوں کے ذہن بدلے جا سکتے ہیں, یقین دلاتا ہوں کہ 2018 تک تعلیم اور سوشل سائنسز کیلئے وعدہ پورا کریں گے۔ سوشل سائنسز ایکسپو سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا کہ سوشل سائنسز پڑھانے کا مقصد انسان اور معاشرے کو تہذیب یافتہ بنانا ہے, ہمیں دہشت گردی اور انتہاءپسندی کی سوچ کو بدلنا ہو گا اور سوشل سائنسز کی تعلیم سے لوگوں کے ذہن بدلے بھی جا سکتے ہیں , سوشل سائنسز کو نظرانداز کرنے والے معاشرے کمزور ہو جاتے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ عقیدے کی بنیاد پر ایک دوسرے کو تقسیم نہ کریں۔پرویز رشید نے کہا کہ ضرب عضب میں ہماری قربانیوں کو پوری دنیا نے تسلیم کیا ہے، ایسا پاکستان دیں گے جس میں ٹارگٹ کلنگ نہیں ہو گی ، ایسا پاکستان دیں گے جس میں جہالت کیلئے لاﺅڈ سپیکراستعمال نہیں ہو گا۔انہوںنے کہاکہ موجودہ پالیسیوں کے باعث پاکستان کا امیج بہتر ہوا ہے , معیشت کی صورتحا ل میں بہتری آئی ہے اور نواز شریف حکومت ترقیاتی کاموں کو جاری رکھے ہوئی ہے 2018میں لوڈشیڈنگ بھی ختم کر دینگے ۔