پنگریو (نیوز ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے باغی رہنماڈاکٹر ذوالفقار علی مرزا اور پاکستان پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کے درمیان صلح ہونے کی افواہیں زور پکڑ گئی ہیں اور ضلع کے سیاسی حلقوں میں یہ افواہیں موضوع بحث بنی ہوئی ہیں جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما نے پارٹی قیادت اور ڈاکٹر ذوالفقار علی مرزا کے درمیان صلح کی افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کی صلح کا کوئی امکان نہیں ہے تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے باغی رہنما ، سابق وزیر داخلہ سندھ ڈاکٹر ذوالفقار علی مرزا اور پاکستان پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کے درمیان صلح ہونے کی افواہیں ضلع بدین بھر میں زدوعام ہوگئی ہیں اور یہ افواہیں ضلع بھر کے سیاسی حلقوں میں موضوع بحث بنی ہوئی ہیں ضلع بھر کے چھوٹے بڑے شہروں ، قصبوں اور دیہاتوں تک میں اس حوالے سے تذکرے اور بحث مباحثے ہو رہے ہیں تاہم اس حوالے سے ڈاکٹر ذوالفقار علی مرزا اور پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت کی جانب سے تصدیق نہیں کی گئی سیاسی حلقوں میں جاری تذکرے کے مطابق ڈاکٹر ذوالفقار علی مرز ا اور پاکستان پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کے درمیان ثالثوں نے رابطہ کرایا ہے اور دونوں فریقین کے درمیان براہ راست بات چیت بھی ہوئی ہے جس کے بعد برف پگھلنا شروع ہوئی ہے اور بہت جلد کسی بڑے بریک تھرو کا امکان ہے جاری تذکرے کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت کی جانب سے ڈاکٹر ذوالفقار علی مرزا کو ان کے تحفظات دور کر نے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے اور ڈاکٹر ذوالفقار علی مرزا سے پاکستان پیپلز پارٹی کے خلاف جاری ان کی جارحانہ پالیسی خاص طور پر مرکزی قیادت کے خلاف ان کے بیانات روکنے کے لئے کہا گیا ہے ضلع کے سیاسی حلقوں میں اس مبینہ صلح کے بعد ہونے والی سیاسی تبدیلیوں کے حوالے سے بھی بحث ہو رہی ہے اور کہا جا رہا ہے کہ اس مبینہ صلح کے بعد ضلع بدین میں پارٹی کی باگ دوڑ بھی دوسرے ہاتھوں میں چلی جائے گی تاہم ضلع بھر میں پھیلنے والی ان افواہوں کے بارے میں اعلیٰ سطح پرکسی جانب سے بھی رد عمل ظاہر نہیں کیا گیا اس حوالے سے جب پاکستان پیپلز پارٹی کی ذیلی ونگ پیپلز یوتھ سندھ کے جنرل سیکریٹری نادر حسین خواجہ سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے پارٹی قیادت اور ڈاکٹر ذوالفقار علی مرزا کے درمیان ہو نے والی مبینہ صلح کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کی کسی صلح کا امکان نہیں ہے انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر ذوالفقار علی مرزا نے پارٹی قیادت کے خلاف جس طرح کی مہم چلائی ہے اور جو زبان استعمال کی ہے اس کے بعد ان کے اور پارٹی قیادت کے درمیان صلح کا امکان صفر ہے انہوں نے موقف اختیار کیا کہ صلح کی یہ افواہیں ڈاکٹر ذوالفقار علی مرزا اور ان کے گروپ کی جانب سے پھلائی جارہی ہیں جن کا مقصد اپنے حامیوں کو مایوسی سے بچانا ہے۔