راولاکوٹ(نیوز ڈیسک)وزیر اعظم آزاد کشمیرچوہدری عبدالمجید نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے آئندہ الیکشن میں تحریک انصاف سمیت دیگر جماعتوں کے ساتھ انتخابی اتحاد ہو سکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ نواز حکومت آزاد کشمیر میں غیر قانونی مداخلت کر رہی ہے ۔وفاقی وزراءکے ذریعے ایسا ماحول پید ا کیا جا رہا ہے جو قابل قبول نہیں ۔وفاقی حکومت کے اس طرز عمل کے باعث کشمیری عوام میں علیحدگی کی سوچ پروان چڑھنے لگی ہے ۔ مودی حکومت او رنواز شریف حکومت میں بہت کم فرق رہ گیا ہے۔مودی نے کشمیر کو چھ کھرب روپے دیے ہیں لیکن نواز حکومت آزاد کشمیر کو اعلان کردہ بارہ ارب کے بجٹ کی پوری رقم بھی نہیں دے رہی۔ ایک خصوصی انٹرویو میں چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ بنگلہ دیش کو سازش کے تحت الگ کیا گیا ۔اب یہ سازش کشمیر پر ہو رہی ہے۔ہمیں شدید تحفظات ہیں ۔ہمارے جائز مطالبات پورے کئے جائیں ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے آئے روز حالات خراب ہو رہے ہیں ۔وفاق ہمیں حق نہیں دے رہا ۔ ہم بجلی وفاق کو دیتے ہیں ۔لیکن آزاد کشمیر میں لوڈ شیڈنگ ہے۔ منگلہ آبی ذخائر کے لئے پانی کی فراہمی پر رائلٹی نہیں دی جا رہی ۔اس کے بر عکس کے پی کے اور بلوچستان کو غیر معمولی فنڈز دیئے جا رہے ہیں ۔ بجلی اور گیس فراہمی پر ان دو صوبوں کو خصوصی ریلیف دینے کے بعد آزاد کشمیر کا حق ہے کہ ہمیں بھی بجلی اور گیس دی جائے ۔ایک سوال کے جواب میں چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ آزادکشمیر سے مختلف ٹیکسوں کی مد میں اگٹھا ہونے والا ریونیو کشمیر کونسل کو ملنے کی بجائے وفاق کو دیا جاتا ہے۔ ستم ظریفی یہ ہے کہ ریونیو کا پچیس فیصد بھی کشمیر میں استعمال نہیں ہو تا ۔ منگلہ ڈیم کی رائیلٹی بھی نہیں دی جا رہی ۔ برسوں سے یہ معاملہ لٹکا ہوا ہے ۔چوہدری مجید نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ نواز حکومت آئندہ الیکشن جیتنے آزادکشمیر میں بھی گلو بٹ بھجوانے کی تیاریاں کر رہی ہے مگر ن لیگ کے ظلم و ستم کا جواب ووٹ کے ذریعے لوگ دیں گے ۔پانچ سیٹوں سے زیادہ ن لیگ نہیں جیت سکے گی ۔ ہماری پارٹی دو تہائی اکثریت سے آزاد کشمیر میں حکومت بنائے گی ۔