اسلام آباد (نیوز ڈیسک) سپریم کورٹ نے امام مہدی کے دعویدار شہباز احمد عرف بھولو کی عمر قید کیخلاف اپیل خارج کر دی ہے اور شہباز احمد عرف بھولو کی عمر قید کی سزا کا فیصلہ برقرار رکھاجبکہ عدالت نے شہباز احمد بھولو کے 20 سے زائد ساتھیوں کو رہا کرنے کا حکم دے دیا،پیرکوچیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کا فیصلہ سنایا۔، وکیل خورشید امتیازی نے کہاکہ لاہور ہائیکورٹ نے شہباز احمد اور اسکے ساتھیوں کو عمر قید کی سزا کا حکم دیا تھا۔سپریم کورٹ نے شہباز احمد کے سوا تمام ساتھیوں کو رہا کر دیا۔شہباز احمد نے 15 دسمبر 2005 کو فیصل آباد موٹروے پر اپنے امام مہدی ہونے کا اعلان کیا تھا۔شہباز احمد کے ساتھیوں کی فائرنگ سے ان کے اپنے تین ساتھی زخمی ہو گئے تھے۔زخمیوں میں سے عابد نامی شخص اسپتال میں دم توڑ گیا تھا۔