لاہور(نیوز ڈیسک ) دہشتگردی کی اطلاعات کے بعد پنجاب سمیت ملک بھر کے نامور مذہبی سکالرز،اساتذہ اورسینئر صحافیوں کی سیکورٹی کیلئے خصوصی سکواڈ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم ان میں سے جن شخصیات کے پاس پہلے سے سیکورٹی موجود ہے اس میں اضافہ کیا جائے گا۔ محکمہ پولیس کے سینئر آفیسر زاور حساس اداروں کی طرف سے ملنے والی معلومات کے مطابق بھیس بدل کر پوش و دیہی علاقوں میں رہائش پذیر مبینہ دہشتگرد اور کالعدم تنظیمیں مدارس کی چیکنگ کو بہانہ بنا کر سرکاری عمارتوں، سیکورٹی سے وابستہ اداروں اور آفیسر کی رہائش گاہوں،اقلیتی عبادگاہوں میں تخریبی کاری کر سکتی ہیں۔ حکومت کے نوٹس میں یہ بات بھی لائی گئی ہے کہ مختلف کالعدم تنظیمیں مسلک کی بنیاد پر تحریک چلانے کا ارادہ رکھتی ہیں جس میں مدارس میں زیر تعلیم بچوں، انکے والدین کو تحریک چلانے کیلئے نمایاں طور پر ذمہ داریاں دی جائیں گی۔ پنجاب بھر کے مبینہ طور پر مشکوک مدارس میں چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں اور صوبائی دارالحکومت ، جنوبی پنجاب کے چار اضلاع میں بڑی کامیابیاں ملیں ہیں،ذرائع کے مطابق ایسی ہی مذہبی جماعتوں کے علما و مشائخ ، اساتذہ و سینئر صحافیوں میڈیا ہاؤسزکیلئے سیکورٹی انتظامات کے تحت خصوصی سکواڈ تشکیل دیا جائے گا۔