کراچی(نیوزڈیسک)یورپ اور امریکا میں جرائم کو ختم کرنے کیلئے بڑے کرنسی نوٹوں کو ختم کرنے کی تحریک چل پڑی ہے تاہم پاکستان میں ہنڈی اور حوالہ کے غیر قانونی کاروبار کے ثبوت ملنے کے باوجود بڑے کرنسی نوٹ نہ صر ف موجود ہیں بلکہ مارکیٹ میں پہلے سے موجود بڑے کرنسی نوٹوں سے بڑی مالیت کے نوٹ شائع کرنے کے منصوبے بنائے جارہے ہیں ۔یورپ میں تجویز پیش کی گئی ہے کہ اگر جرائم ختم کرنے ہیں تو 500 یورو اور 100ڈالر کا نوٹ ختم کردیا جائے کیونکہ ہارورڈ یونیورسٹی کے ایک نئے مطالعہ میں یہ کہا گیا ہے کہ اس طرح جرائم پیشہ لوگوں کیلئے رقوم منتقل کرنا مشکل ہوجائے گا ۔مطالعے میں تجویز پیش کی گئی ہے کہ جرائم کے خاتمے کی ایک کوشش کے طور پر 500یورو اور 100ڈالر کے نوٹ ختم کردیے جائیں ،اس تجویز کو پذیرائی حاصل ہورہی ہے ۔یورپی مرکزی بینک کے صدر ماریو دراگی نے کہا ہے کہ وہ جرائم کی روک تھام کی کوششوں کے سلسلے میں 500 یورو کا نوٹ ختم کرنے کی تجویز پر غور کر رہے ہیں۔واضح رہے کہ پاکستان میں بھی ہنڈی اور حوالہ کے غیر قانونی کاروبار اور جرائم پیشہ افراد رقوم کی منتقلی کیلئے بڑے کرنسی نوٹ استعمال کررہے ہیں ،ماہرین کا کہنا ہے کہ حکومت پاکستان اگر فیصلہ کرلے اور اسٹیٹ بینک ان بڑے کرنسی نوٹوں کو ختم کردے تو نہ صرف ہنڈی اور حوالہ کے غیر قانونی کاروبار پر قابو پایا جاسکتا ہے بلکہ جرائم پیشہ افراد کیلئے بھی مشکلات پیدا ہوسکتی ہیں ۔