لاہور(نیوزڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کی جنرل سیکرٹری شعبہ خواتین و رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانا نے کہا ہے کہ وزیر اعظم میاں نواز شریف بھارت کی چاپلوسی کرنے کی بجائے دو ٹوک موقف اپنائیں اور ایشوز کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے بھارت کے ساتھ تعلقات بڑھائیں۔ اپنے آفس میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بین الاقوامی سطح پر سرکاری ملاقاتوں میں یوں لگتا ہے کہ شریف خاندان ہی پاکستان ہے ہر جگہ شریف خاندان ہی پیش پیش ہوتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومتی حواری ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں میاں نواز شریف اور بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کی ملاقات کو ایسے پیش کر رہے ہیں جیسے بھارت کے ساتھ سارے معاملات ٹھیک ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن ہوش کے ناخن لے اور احمقوں کی جنت میں رہنے کی بجائے زمینی حقائق کو سمجھیں اور اصولی موقف اپناتے ہوئے سنجیدہ سفارتکاری کریں۔