فیصل آباد(نیوزڈیسک) جیسے جیسے پنجاب کے بلدیاتی انتتخات قریب آتے جارہے ہیں ویسے ویسے (ن) لیگ کے ناراض رہنما چوہدری شیرعلی اور پارٹی کے درمیان تلخیاں بڑھتی جارہی ہیں۔پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا دنگل لگ چکا ہے اور ایسے میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کو جہاں تحریک انصاف سے مقابلے کا سامنا ہے تو دوسری طرف اپنوں نے ہی پارٹیوں پر بجلیاں گرانی شروع کردی ہیں۔ (ن) لیگ کے رہنما اور وزیرمملکت برائے پانی وبجلی عابد شیر علی کے والد چوہدری شیرعلی گزشتہ کچھ عرصے سے اپنی ہی پارٹی کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔(ن) لیگ کی جانب سے بلدیاتی الیکشن لڑنے کے لیے بنائی گئی کمیٹی نے جب ان کے نامزد امیدواروں کو ٹکٹیں نہ دیں تو چوہدری شیرعلی پارٹی کے مقابلے میں اپنا گروپ بنا کر میدان میں اتر آئے اور میئر گروپ کے لیے انتخابی نشان بالٹی منتخب کر لیا۔ ذرائع کے مطابق وزیرقانون پنجاب رانا ثنااللہ فیصل آباد سے اپنے میئر کو جتوانا چاہتے ہیں لیکن چوہدری شیر علی بھی اپنے صاحبزادے کو میئر کی سیٹ پر جتوانے کے لیے جدوجہد کررہے ہیں ایسے میں دونوں جانب سے تنقید اور الزامات کا سلسلہ جاری ہے۔ ایک جلسے سے خطاب میں چوہدری شیرعلی نے کہا کہ شیر کے کان اوردم پکڑ کر کھال کھینچیں تو شیر کےاندرسے گدھا نکلےگا۔