اسلام آباد(نیوزڈیسک) قومی سلامتی کے مشیر کے سیکریٹریٹ کو فوری طور پر وزیراعظم آفس میں منتقل کر دیا گیا ہے اور گزشتہ ہفتے قومی سلامتی کے مشیر کا عہدہ سنبھالنے والے لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ نے وزیراعظم آفس کی پانچویں منزل پر اپنا دفتر قائم کیا ہے۔ وزیراعظم کا کمرہ بھی اسی منزل پر ہے۔ اس سے قبل یہ سیکریٹریٹ وزارت خارجہ میں قائم تھا۔ دی نیوزکے سینئرصحافی صالح ظافرکی رپور ٹ کے مطابق ذرائع بتایا ہے کہ قومی سلامتی کے مشیر قومی سلامتی کی کمیٹی کی سربراہی کریں گے اور فوری طور پر متعلقہ امور کے حوالے سے سرگرم کردار ادا کریں گے کیونکہ مشیر کے پاس سیکورٹی امور کا بہت زیادہ تجربہ ہے۔ وہ اس سے قبل سدرن کمان کے کمانڈر تھے اور کوئٹہ میں تعینات تھے۔ بائیس گریڈ کے سینئر افسر حاجی محمد صادق قومی سلامتی کمیٹی کے سیکریٹری ہوں گے۔ انہوں نے قومی سلامتی کے مشیر سے تفصیلی ملاقات کی اور انہیں کمیٹی کی سرگرمیوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔ پاکستان کی قومی سلامتی کمیٹی بھارتی کمیٹی کے مقابلے میں بڑی ہے اور پاکستان میں یہ ادارہ مختلف وزارتوں اور ڈویژنوں کے ساتھ رابطے میں ہے۔