اسلام آباد(نیوز ڈیسک) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سندھ میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے ضابطہ اخلاق جاری کرتے ہوئے میڈیا پر سرکاری و حتمی نتائج سے قبل غیر مصدقہ نتائج نشر کرنے پر پابندی عائد کردی ہے۔ جس کے بعد میڈیا محض الیکشن کمیشن کے پریزائیڈنگ اور ریٹرننگ افسران کی جانب سے سرکاری طور پر اعلان کیے گئے نتائج کو براڈ کاسٹ کرنے کر سکے گا جبکہ کسی بھی امیدوار کی نجی زندگی پر بات چیت کرنے سے گریز کیا جائے گا۔ضابطہ اخلاق میں پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کو ایسی کوئی بھی چیز نشر کرنے سے منع کیا گیا ہے جو کسی آمیدوار اور سیاسی جماعت کے حوالے سے عوامی رائے پر اثر انداز ہوسکتی ہے۔تمام سیاسی جماعتوں کو ان کی الیکشن مہم کے دوران یکساں کوریج فراہم کی جائے گی اور پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) مذکورہ کوریج کی مانیٹرنگ کرے گی، جبکہ پبلک اور پرائیوٹ ریڈیو اور ٹی وی چینلز کو ٹرانسمیشن سرٹیفیکیٹ، امیدواروں سے حاصل کی جانے والی رقم کی تفصیلات کی کاپیاں الیکشن کمیشن کو فراہم کرے گی۔