کراچی(نیوزڈیسک) بھارتی لڑکی گیتا نے اپنے والدین کو شناخت کر لیا ہے جس کے بعد اس کی بھارت واپسی کے لئے راہ ہموار ہو گئی ہیں۔ایکسپریس نیوز سے بات کرتے ہوئے فیصل ایدھی کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز بھارت سے ایک تصویر بھجوائی گئی جسے دیکھ کر گیتا نے اپنے والدین اور دیگر رشتہ داروں کو پہچان لیا جب کہ اس سے قبل تقریباً 10 روز قبل بھی بھارتی ہائی کمیشن کی جانب سے بھی ایک تصویر بھجوائی گئی تھی جس میں صرف اس کے ماں باپ کی تصریر تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈی این اے اور تحقیق کے بعد ہی گیتا کی بھارت واپسی کو ممکن بنائیں گے۔فیصل ایدھی کا کہنا تھا کہ وزارت خارجہ کی مرضی سے ہی گیتا کو کراچی سے بھارت کے لئے روانہ کیا جائے گا، گیتا اپنے والدین کی شناخت کے حوالے سے بہت مطمئن ہے اور اس نے واپسی کے لئے اپنا سامان بھی باندھ لیا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ ممکن ہے گیتا کو 26 اکتوبر تک بھارت روانہ کردیا جائے تاہم حتمی تاریخ کا اعلان ہونا ابھی باقی ہے۔واضح رہے کہ بھارتی لڑکی گیتا 15 برس قبل سمجھوتہ ایکسپریس کے ذریعے غلطی سے پاکستان آ گئی تھی، سماعت اور قوت گویائی سے محروم گیتا اس وقت سے ایدھی ہوم میں رہائش پزیر ہے۔