لاڑکانہ (این این آئی) پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما فریال تالپور اور صوبائی وزیر نثار کھوڑو میں جاری سرد جنگ کھل کر سامنے آ گئی، پارٹی ذرائع،نو دیرو بھٹو ہاﺅس میں فریال تالپور کی زیر صدارت بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے لاڑکانہ کے امیدواروں کے ہوئے اجلاس میںنثار کھوڑو نے فریال تالپور کے احکامات ماننے سے بھی انکار کر دیا اور ناراض ہو کر کراچی روانہ ہو گئے ، ذرائع۔ تفصیلات کے مطابق بلدیاتی انتخابات میںپاکستان پیپلزپارٹی کو سات سال تک بہتر کارکردگی نہ دکھا سکنے پر کئی چیلنجز کا سامنا ہے اور پارٹی امیدواروں کو دیگر اتحاد اور جماعتوں سمیت اپنی پارٹی کے رہنماﺅں اور کارکنان کی مخالفت کا بھی سامنا ہے،جن مسائل کے حل کے لئے پیپلزپارٹی کی مرکزی رہنما ایم این اے فریال تالپور گذشتہ چھ روز سے لاڑکانہ نو دیرو بھٹو ہاﺅس میں ہی مقیم ہیں اور لاڑکانہ ڈویژن سے تعلق رکھنے والے پیپلزپارٹی کے مختلف رہنماﺅں اور وفود سے ملاقاتیں کر کے ان کے مسائل سن رہی ہیں، اسی سلسلے میں نو دیرو ہاﺅس میں فریال تالپور کی زیر صدارت لاڑکانہ کے امیدواروں کا اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزیر نثار کھوڑو ، ضلعی صدر خیر محمد شیخ و دیگر عہدیداروں سمیت چیئرمین، وائیس چیئرمین اور جنرل کاﺅنسلر کے امیدواروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی، مصدقہ پارٹی ذرائع کے مطابق اس اہم اجلاس میں بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کی جانب سے فریال تالپور کو یہ شکایت عام کی گئی کہ پارٹی کو جہاں دیگر جماعتوں اور اتحاد وں کا چیلنج ہے وہیںمتعد د یوسیز اور وارڈز میں پیپلزپارٹی سے ہی وابسطہ رہنما اور کارکن مخالفین کی حمایت کر رہے ہیں بلکہ آزاد حیثیت میںہمارے ہی مد مقابل الیکشن بھی لڑ رہے ہیں ، ایسے میں ہمیں پارٹی رابطہ مہم چلانے میں بھی شدید دشواری کا سامنا ہے،جس پرایم این اے فریال تالپور نے صوبائی وزیر نثار کھوڑو کو ہدایات دیں کہ وہ ان تمام امیدواروں اور پارٹی رہنماﺅں سے ملیں اور انہیں ٹکٹ ہولڈرز امیدواروں کے مد مقابل کھڑے نہ ہونے اور مخالفین کی حمایت سے دستبردار کروائیںکہ جن کا تعلق پیپلزپارٹی سے ہے، جس پر نثار کھوڑو نے ایم این فریال تالپور کو کہا کہ جس جس امیدوار کو ایسی شکایت ہے وہ انہیں بتائیں تاکہ میں ان کو اپنے پاس بنگلے پر بلوا کر منا سکوں ، جس پر ایم این اے فریال تالپور نے نثار کھوڑو کو تنبیہ کی کہ وہ ناراض پارٹی رہنماﺅں کو بنگلے پر بلانے کی بجائے خود چل کر ان کے پاس جائیں گے اور انہیں منائیں گے تاہم نثار کھوڑو نے فریال تالپور کو کو ئی جواب نہ دیا اور اجلاس سے چلے گئے ، جس کے بعد وہ بنا کچھ بتائے کراچی روانہ ہو گئے،ایسی صورتحال سے نہ صرف پارٹی قیادت بلکہ ضلعی عہدیدار بھی دلبرداشتہ اور حیران کن ہیں۔