اسلام آباد (نیوزڈیسک)اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید کیخلاف دائر درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کر دی۔جمعرات کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس نور الحق قریشی نے چوہدری محمد اکرم ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات کی سماعت کی۔ درخواست میں کہا گیا تھا کہ وزیراطلاعات سینیٹر پرویز رشید نے پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کو چور اور غدار کہاہے، ان سے پوچھا جائے کہ انہوں نے کن ثبوتوں کی بنا پر الزامات عائد کیے ہیں۔اسٹینڈنگ کونسل راجہ خالد محمود نے کہا متاثرہ فریق اس بیان کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ اور ہرجانے کا دعویٰ دائر کر سکتا ہے، درخواست گزار متاثرہ فریق نہیں لہٰذہ درخواست بھاری جرمانے کے ساتھ خارج کی جائے۔ جس پر عدالت نے درخواست ناقابل سماعت قرار دیکر خارج کردی ۔