سلام آباد(نیوزڈیسک)عمرا ن خان نے ن لیگ پرایک اورسنگین الزام عائد کردیا. پاک فوج کی جانب سے گزشتہ سال واضح تردید کئےجانے کے باوجود تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے بدھ کو ایک بار پھر آرمی چیف کو مسلم لیگ (ن) کی جانب سے قیمتی گاڑی بی ایم ڈبلیو کا تحفہ دینے کا الزام دُہرایا ہے۔ 16 اگست 2014ء کو آبپارہ چوک اسلام آباد پر اپنے دھرنے کے دوران عمران خان نے شرکاء سے اپنے خطاب میں کہا تھا کہ میاں صاحب ہمیشہ امپائروں کی مدد سے ہی انتخاب لڑتے ہیں۔ وہ جج صاحبان کو بریف کیسز دیتے ہیں اور آرمی چیف کو بی ایم ڈبلیو گاڑی کی چابیاں دیں۔ ان کا یہ خطاب تمام ٹیلی ویژن چینلز پر براہ راست نشر ہوا روزنامہ جنگ کے صحافی احمد نورانی کی رپورٹ کے مطابق۔ 17 اگست 2014ء کو ڈی جی آئی ایس پی آر عاصم سلیم باجوہ نے اپنے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا کہ آرمی چیف کا کسی کی جانب سے بی ایم ڈبلیو گاڑی قبول کرنے کا دعویٰ بے بنیاد اور من گھڑت ہے۔ تاہم عمران خان کسی ثبوت کے بغیر عائد الزامات پر ڈٹے رہے۔ بدھ کو گڑھی شاہو لاہور میں جلسہ عام میں تحریک انصاف کے سربراہ نے ایک نئے جملے کے اضافے کے ساتھ الزام دُہرایا کہ آرمی چیف نے بعدازاں گاڑی واپس کر دی تھی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) غیرقانونی کام کرنے کی عادی ہے۔ اس نے پیسے کے ذریعہ صحافیوں کو خریدا۔