کراچی(نیوزڈیسک) کرپشن،سندھ حکومت نے وفاقی اداروں کے چھاپوں کے خاتمے کیلئے ”بہترین حل“ ڈھونڈ نکالا،سندھ حکومت نے کرپشن سے متعلق کیسز اور شکایات سے نمٹنے کے لئے سندھ احتساب کمیشن قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے ضروری قانون سازی سندھ اسمبلی میں کی جائے گی۔ یہ فیصلہ جمعرات کو وزیراعلیٰ ہاﺅس میں وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا گیا ۔ اجلاس میں وزیربلدیات سید ناصر شاہ ، چیف سیکریٹری سندھ صدیق میمن ، ایڈوکیٹ جنرل فتح ملک ،وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری علم الدین بلو ، سینئر میمبر بورڈ آف رونیو محمد وسیم ، سیکریٹری داخلہ مختیار سومرو اور سیکریٹری قانون نے شرکت کی۔وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ (ACE)ایک اچھا اور مﺅثر ادارہ ہے اور اس نے کرپٹ عناصر کے خلاف سخت اقدامات کئے ہیں۔ لیکن میں ان کی صلاحیتوں اور دائرہ کار کو وسیع کرکے سندھ حکومت کو کرپٹ عناصر سے پاک کرنا چاہتا ہوں ، اس وجہ سے صوبائی احتساب کمیشن قائم کرنے کی سخت ضرورت ہے ۔ وزیراعلیٰ سندھ نے سندھ احتساب کمیشن کا قانونی مسودہ تیارکرنے کے لئے سیکریٹری قانون ، ایڈوکیٹ جنرل سندھ ، سیکریٹری داخلہ اور دیگر افسران پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے دی ۔ انہوں نے کہا کہ احتساب کمیشن میں چئیرمین کی صدارت کے ساتھ ایک آزاد بورڈ ہوگا اور یہ ایک مضبوط ، موثر اور پروفیشنل ادارہ ہوگا او راس میں کرپشن سے پاک اور قابل افسران مقرر کئے جائینگے۔ واضح رہے کہ اس قسم کا احتساب کمیشن پہلے ہی خیبرپختونخواہ میں قائم ہو چکا ہے اور کے پی کے کے بعد احتساب کمیشن بنانے کے حوالے سے سندھ ملک کا دوسرا صوبہ ہوگا