اسلام آباد(نیوز ڈیسک)راولپنڈی کے علاقے چونترہ میں چک بیلی روڈ پر مسلح افراد کی فائرنگ سے طلبائ سمیت سات افراد شدید زخمی ہوگئے ، تشویشناک حالت میں ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔پولیس ذرائع کے مطابق ڈکیت گروہ کے سرغنہ عبدالقیوم نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ چک بیلی روڈ پر مقامی صحافی کو قتل کرنے کی غرض سے فائرنگ کی۔پولیس ذرائع کے مطابق مقامی صحافی مسعود جیلانی نے ڈکیت گینگ کے خلاف خبریں شائع کی تھیں ، ڈکیت گینگ کی اندھا دھند فائرنگ کی زد میں آ کر سات راہگیر زخمی ہوگئے۔زخمی ہونے والوں میں دو طالب علم بھی شامل ہیں ، زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کیلئے آر ایچ سی چونترہ منتقل کیا گیا تاہم حالت تشویشناک ہونے کے باعث زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال راولپنڈی منتقل کر دیا گیا ہے۔