اسلام آباد (نیوزڈیسک) سعودی عرب کے سفیر عبداللہ مزروق الزہرانی نے کہا ہے کہ وہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اخوت کے رشتے مضبوط تر بنائیں گے۔ دونوں برادر ملکوں نے ہر آزمائش میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔ سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز پاکستان اور اس کے عوام کے ساتھ خصوصی پیار و محبت کے جذبات رکھتے ہیں۔ تجارت سرمایہ کاری، توانائی، تعلیم، صحت، زراعت، مالیات، معاشرتی بہبود، تجارت اور سکیورٹی سمیت تمام شعبوں میں سعودی عرب پاکستان کے ساتھ اشتراک عمل کو فروغ دے گا۔ ان شعبوں میں روابط میں اضافہ کرنے کے لئے دونوں ممالک کے مابین وفود کا تیزی سے اضافہ ہو گا۔ رونامہ جنگ کے صحافی حنیف خالد کی رپورٹ کے مطابق عبداللہ مزروک الظہرانی قبل ازیں پاکستان میں سعودی سفارتخانے کے ڈپٹی چیف آف مشن کی ذمہ داریاں بطریق احسن سرانجام دے چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور پاکستانی شخصیات ان کے لئے اجنبی نہیں۔ سعودی سفیر نے کہا کہ مسجد الحرام کے مطاف (طواف کرنے کی جگہ) کو سعودی فرمانروا کے پلان کے تحت کشادہ کر دیا گیا ہے۔ مطاف میں پہلے ایک گھنٹے میں 50 ہزار عازمین طواف کرتے تھے کشادکی کے نتیجے میں دو گنے سے بھی زیادہ (ایک لاکھ پانچ ہزار) عازمین ایک گھنٹے میں طواف کرنے لگے ہیں۔ مطاف کو دو منزلہ بنانے کا کام مسجد الحرام کے توسیعی پراجیکٹ کے ساتھ ہی آئندہ سال کے اختتام سے پہلے مکمل کر لیا جائے گا۔ سعودی عرب کے سفیر عبداللہ مزروک ال ظہرانی نے جنگ کو بتایا کہ جدہ کے شاہ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو ریلوے لائن کے ذریعے مکہ مکرمہ کے ساتھ ملانے کا پراجیکٹ تکمیل کے آخری مراحل میں داخل ہو گیا ہے
جسے دسمبر 2016 تک مکمل کر لیا جائے گا۔ دوسری طرف مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ اور مدینہ منورہ سے جدہ کے درمیان ریلوے کی پٹڑی بچھانے کا پراجیکٹ سعودی حکومت تیزی سے مکمل کرنے کے لئے کوشاں ہے۔ اگلے سال کے اختتام تک جدہ مکہ مدینہ جدہ کو ریلوے لائن کے ذریعے ملانے کا پراجیکٹ مکمل کر لیا جائے گا۔