اسلام آباد(نیوز ڈیسک)سعودی عرب کے ایک اعلیٰ عہدے دار نے کہا ہے کہ مسجد الحرام میں کرین گرنے کے حادثے کے باوجود حج معمول کے مطابق ہوگا۔ اس حادثے میں ایک سو سے زیادہ عازمین حج جاں بحق ہوگئے ہیں۔اس سعودی عہدے دار نے اپنی شناخت ظاہر کیے بغیر کہا ہے کہ ”کرین کا حادثہ حج پر اثر انداز نہیں ہوگا اور مسجد الحرام کے متاثرہ حصوں کی آیندہ چند روز میں مرمت کردی جائے گی۔حج کے مناسک واعمال یقینی طور پر معمول کے مطابق جاری رہیں گے”۔
مزید پڑھئے: نئی مانیٹری پالیسی ،شرح سود میں صفر اعشاریہ 5فیصد کمی کا اعلان
جمعہ کے روز شدید آندھی کی وجہ سے تعمیراتی کام میں استعمال ہونے والی ایک بڑی کرین مسجد الحرام کے صحن میں گر گئی تھی جس کے نتیجے میں وہاں موجود ایک سو سات افراد جاں بحق اور دو سو اڑتیس زخمی ہوگئے تھے۔زخمیوں میں سینتالیس پاکستانی بھی شامل ہیں۔واضح رہے کہ حج کی ادائیگی کے لیے دنیا بھر سے قریباً آٹھ لاکھ فرزندان توحید مکہ مکرمہ پہنچ چکے ہیں۔مناسکِ حج کا آغاز اکیس ستمبر کو متوقع ہے۔