اسلام آباد(نیوزڈیسک)سپریم کورٹ نے پولیس اصلاحات کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا۔چیف جسٹس کا کہنا ہے لگتا ہے کہ سندھ اور بلوچستان حکومتوں نے انگریز کے قانون پر ہی چلنا ہے ۔چیف جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی ، عدالت کو بتایا گیا کہ سندھ اور بلوچستان میں اٹھارہ سو اکسٹھ کا قانون نافذ ہے جبکہ کے پی کے اور پنجاب میں دو ہزار دو پولیس ترمیمی آرڈر نافذ ہے ۔ جسٹس دوست محمد نے ریمارکس دیے کہ کے پی کے میں پولیس آرڈرپوری طرح بغیر ترمیم کے نافذ ہے وہاں پولیس سیاسی اثر و رسوخ سے آزاد ہے۔پولیس آرڈرکا وہاں اچھا اثرنظر آتا ہو گا۔چیف جسٹس نے کہا کہ وفاق کو تسلی ہے کہ پولیس میں سب صحیح ہے یہاں اصلاحات کی ضرورت نہیں،ہم نے اصلاحات کا ڈرافٹ تیار کر لیا ہے، کل جاری کر دیں گے تمام صوبوں کو عملدرآمد کے لیے پندرہ روز کا وقت دیا جائے گا۔