اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) پاکستان کی سیاسی صورتحال پر وفاقی دارالحکومت میں موجود سفارتی کمیونٹی نے پریشانی کا اظہار کیا ہے۔ ایک قومی اخبار کی رپورٹ کے مطابق سفارت کاروں کی رائے ہے کہ پاکستان مختلف مسائل سے نبرد آزما ہے اور ایسے میں ملک کی سیاسی قیادت وہ مناسب ضروری اقدامات نہیں کر رہی اور سیاست دان اپنے جھگڑوں میں الجھے ہوئے ہیں اور اس سے قومی اتحاد کو نقصان ہو رہا ہے۔ سفارتی کمیونٹی نے مسلح افواج کے اقدامات کی تعریف کی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کے اقدامات کو سراہا۔ یہ سفارت کار پاکستان میں متعین نئے سعودی سفیر مرزوک الزہرانی کے استقبالیے میں شریک تھے۔ یہ استقبالیہ عراق کے سبکدوش ہونے والے سفیر ڈاکٹر رشدی کی جانب سے دیا گیا تھا۔ اس موقع پر سفارت کاروں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔ عراقی سفیر نے نئے سعودی سفیر کو خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر موجود سفیروں اور ہائی کمشنرز نے حکومت اور اس کی پالیسیوں کی تعریف کی لیکن اس تشویش کا بھی اظہار کیا کہ مختلف آراء رکھنے والی سیاسی جماعتوں کے عدم برداشت پر مبنی رویے پر پریشانی کا اظہار کیا۔