کراچی(نیوز ڈیسک) وفاقی حکومت نے شکایات ازالہ کمیٹی کے قیام کاابتدائی مسودہ تشکیل دے دیاہے، حکومتی مذاکراتی ٹیم نے اس کمیٹی کے قیام کاابتدائی مسودہ ایم کیوایم کے حوالے کردیا ہے، ایم کیوایم کے جواب کے بعدکمیٹی کے قیام کا حتمی فیصلہ وزیراعظم کی منظوری سے کیاجائے گا، اس مسودے کاایم کیوایم کے رہنماجائزہ لے رہے ہیں اور ڈرافٹ میں ترامیم یا سفارشات مرتب کرکے حکومت کے حوالے کی جائیں گی۔اس مرحلے کے بعدوفاقی حکومت اورایم کیوایم کی مذاکراتی کمیٹیوں کے درمیان دوبارہ مذاکرات ہوں گے اورتمام امورکو حتمی شکل دی جائے گی۔ ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی تحفظات کے ازالے کے لیے حکومت کی جانب سے کیے جانے والے اقدام اوریقین دہانیوں کاجائزہ لے کراستعفوں کی واپسی کافیصلہ مشاورت سے کرے گی۔اس مسودے پرمشاورت کے بعدمتحدہ کاوفد آئندہ 2سے 3 روز میں وفاقی حکومت سے ملاقات کے لیے اسلام آبادجائے گا۔ اس حوالے سے ایم کیوایم کے سینئررہنما ڈاکٹرفاروق ستارنے ایکسپریس کوبتایا کہ متحدہ کی قیادت فی الحال وفاقی حکومت کی جانب سے دیے گئے مسودے پرغور کررہی ہے۔ اس کے بعدحکومتی وفدسے ملاقات ہوگی جس میں مذاکرات کے حوالے سے امورکو بتدریج آگے بڑھایا جائے گا۔