لاہور / اسلام آباد(نیوز ڈیسک)پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری نے کہاہے کہ سیاسی زندگی میں اونچ نیچ آتی رہتی ہے اورجواوپرچڑھتاہے وہ پھسلتابھی ہے، یہ بات ضروری ہے کہ بلندی پرچڑھتے ہوئے پھسلنے کے بعدکوئی کیاکرتاہے، آئیے ہم دنیا کو دکھائیں کہ پیپلز پارٹی گلگت بلتستان سب سے بڑی قوت بن کر دوبارہ ابھرے گی۔ وہ گزشتہ روز گلگت بلتستان کے پارٹی لیڈروں کے ایک اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔بلاول بھٹو نے اجلاس میں گلگت بلتستان کا دورہ کرنے اور وہاں پارٹی کی تنظیم نو کیلیے قمر زمان کائرہ اور ندیم افضل چن پرمشتمل 2 رکنی کمیٹی قائم کردی۔ پیپلز پارٹی کے ترجمان سینیٹر فرحت آ بابر نے کہا کہ کمیٹی آئندہ ہفتے اس مقصد کے لیے گلگت بلتستان کا دورہ کرے گی۔اجلاس میں فریال تالپور، خورشید شاہ، پرویز اشرف، قمر زمان کائرہ، شیری رحمن، ندیم افضل چن، شہلا رضا جمیل سومرو،مہدی شاہ اور جعفر شاہ شریک تھے۔ دریں اثناء بلاول بھٹو زرداری سے پیپلز پارٹی پنجاب کے سابق صدر راناآفتاب احمد خاں نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران بلدیاتی انتخابات اور پارٹی کی تنظیم نو کے حوالے سے امور پر بات چیت ہوئی۔