کراچی(نیوزڈیسک)انٹیلی جنس اداروں نے اہم سیاسی شخصیات کو سیکورٹی خدشات سے متعلق وزارت داخلہ کو آگاہ کردیا۔خدشہ ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن اور رحمٰن ملک سمیت دیگر شخصیات کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا جاسکتا ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق انٹیلی جنس اداروں نے وزارت داخلہ کو لکھے گئے ماسلے میں خبردار کیا ہے کہ دہشت گرد تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان،جے یو آئی(ف)کے امیر مولانا فضل الرحمٰن،سابق وزیر داخلہ رحمٰن ملک اور اسلام آباد کی معروف کاروباری شخصیات سردار تنویر الیاس کو نشانہ بناسکتے ہیں۔انٹیلی جنس اداروں کے مطابق ایسی اطلاع ملی ہیں کہ دہشت گرد اپنے اہداف کو سیکورٹی اہلکاروں کے بھیس میں نشانہ بناسکتے ہیں۔وزارت داخلہ کی سرکاری دستاویز کے مطابق خبردار کیاگیا ہے کہ عمران خان کو پنجابی طالبان،رحمٰن ملک کو غازی فورس اور القاعدہ سے خطرات لاحق ہیں جبکہ مولانا فضل الرحمٰن اور سردار تنویر الیاس بھی شدت پسندوں کے نشانے پر ہیں۔انٹیلی جنس اداروں نے خبردار کیا ہے کہ مذکورہ شخصیات کی سیکورٹی یقینی بنانے کے لیے فول پروف اقدامات کیے جائیں۔