کراچی (نیوزڈیسک) پی آئی اے کا حج آپریشن پیر سے شروع ہوگیا۔ پہلے دن لاہور، پشاور، کراچی اور اسلام آباد سے حج پروازیں روانہ ہوئیں۔ پی آئی اے ترجمان کے مطابق اسلام آباد سے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے ہوابازی شجاعت عظیم، سیکریٹری ایوی ایشن ڈویژن محمد علی گردیزی اور دیگر اعلیٰ افسران نے PK-6011 کے ذریعے عازمین حج کو الوداع کیا۔ کراچی سے پہلی حج پرواز PK-6009 سے روانہ ہونے والے عازمین حج کو چیئرمین پی آئی اے ناصر این ایس جعفر، ایم ڈی پی آئی اے شاہ نواز رحمان اور دیگر سینئر حکام نے رخصت کیا جبکہ لاہور سے PK-6003 سے روانہ ہونے والے عازمین حج کو ڈائریکٹر کسٹمر سروسز ومارکیٹنگ پی آئی اے خرم مشتاق، ڈسٹرکٹ منیجر لاہور سلیم اللہ شاہانی نے حج پرواز کو الوداع کیا۔ پشاور سے PK-6005سے روانہ ہونے والے عازمین حج کو چیئرمین پی آئی اے کے ایڈوائزر ایئر وائس مارشل رانا محمد عمران نے عازمین حج کو خدا حافظ کیا۔ پی آئی اے رواں سال 55 ہزار 800 سے زائد عازمین کو فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے حجاز مقدس لے کر جائے گی۔ پی آئی اے رواں سال بوئنگ 777، ایئر بس A310 اور ایئر بس 330طیاروں کے ذریعے پاکستان کے سات شہروں کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ، ملتان اور سیالکوٹ سے حج پروازیں چلائیں گی –





















