اسلام آبا( مانیٹرنگ ڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما فاروق ستار نے نائن زیرو میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمن ثالث کے طور پر آئے ہیں ، الطاف حسین نے مولانا سے ٹیلفونک گفتگو کر کے مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے کی بات کی ہے ، ،لیکن اسی اثناءمیں متحدہ کے رہنما رشید گوڈیل پر افسوسناک قاتلانہ حملے نے دلوں کو افسردہ کر دیاہے ، دعاکریں کہ اللہ انہیں صحت عطا فرمائیں ، فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیو ایم اور الطاف حسین نے مولانا پر اعتماد کیا ہے ، ہم سیاسی استحکام چاہتے ہیں مذاکراتی عمل کو آگے بڑھائیں گے ، آج کے واقعے کے پیچھے ان عناصر کا ہاتھ ہوسکتا ہے جو ہمارے سیاسی مفاہمتی عمل کو روکنا چاہتے ہوں تاکہ ملک کی صورتحال خراب ہو، انہوں نے کہا کہ ہماری استعفیٰ دینے کی وجوہات آئینی اور قانونی ہیں ، آپریشن پر تحفظات ہیں ، ہمارا موقف ہے کہ غیر جانبدارانہ اور شفاف کاروائی کی جائے تاکہ صرف اصل مجرموں کو ٹارگٹ کیا جاسکے ، مولانا فضل الرحمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عظیم مقصد لے کر نائن زیرو آئے ہیں ، الطاف حسین اور متحدہ کے شکر گزار ہیں ، آج کا افسوسناک واقعہ بردلانہ کاروائی ہے جس کی مذمت کرتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ آج کے ناخوشگوار واقعہ کے بعد بھی متحدہ کے رہنمافاروق ستار نے بہت تحمل سے اس پر بات کی ، امید کرتے ہیں ایم کیو ایم ایسے مثبت رویے کو جاری رکھے گی ، مولانا نے کہا کہ کوئی روٹھ جائے تو منانے کیلئے آنا پڑتا ہے ،حکومت اور اپوزیشن نے مینڈیٹ دے کر مجھے مذاکرات کی ذمہ داری سونپی ہے ، مذاکرات کو ثبو تاژ کرنے کی بزدلانہ کاروائی کامیاب نہیں ہوپائے گی ، مذاکرات کا عمل اسلام آباد میں بتدریج آگے بڑھایا جائے گا ۔