اسلام آباد(نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما نعیم الحق نے انکشاف کیا ہے کہ پنجاب کے وزیر داخلہ شجاع خانزادہ پی ٹی آئی بانیوں میں سے تھے ۔ انہوں نے یہ انکشاف شجاع خانزادہ کی خودکش حملے میں شہادت کے بعد نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ نعیم الحق کا کہنا تھا شجاع خانزادہ عظیم پاکستانی تھے وہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی رہنما ءتھے تاہم بعد مین ن لیگ میں شامل ہوگئے ۔ انہوں نے بتایا کہ وہ تو نہیں البتہ عمران خان کرنل ر شجاع خانزادہ سے بخوبی واقف تھے ۔ ان کے بقول گذشتہ دھماکے کے روز وہ عمران خان کے ہمراہ تھے ، واقعہ کی خبر سن کر عمران خان بیحد رنجیدہ ہوگئے ، عمران خان نے اسی وقت فیصلہ کیا کہ پی ٹی آئی شجاع خانزادہ کی عظمت کو سلام کرتے ہوئے ان کی نشست پر ہونے والے ضمنی الیکشن میں اپنا امید وار کھڑا نہیں کرےگی۔ واضح رہے کہ شجاع خانزادہ اتوار کی دوپہر پنجاب کے شہر اٹک میں واقع اپنے پولیٹیکل آفس میں خودکش حملے کے نتیجے میں شہید ہوگئے تھے ۔