کراچی(نیوز ڈیسک)کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس کی کارروائیوں میں 1گینگ وار ملزم گرفتار کیا گیا ہے، جبکہ4 ملزمان مزید گرفتار ہوئے ہیں اور فیروز آباد میں شہری کی فائرنگ سے 1ڈاکو بھی ہلاک ہوگیا ہے۔ ایس ایس پی ایسٹ جاوید جسکانی کے مطابق فیروز آباد کے علاقے میں شہری کی فائرنگ سے ڈاکو ہلاک ہوگیا، ہلاک ہونے والا ڈاکو شہری سے لوٹ مار کر رہا تھا، کہ دوران ڈکیتی شہری نے اپنی پستول سے ڈاکوں پر فائرنگ کردی، ہلاک ہونے والے ڈاکو کی شناخت شہباز کے نام سے ہوئی ہے۔ ادھر لیاری کے علاقے کھڈا مارکیٹ میں پولیس نے کاروائی کرتے ہوِئے عزیر بلوچ گروپ کا کمانڈر گرفتار کرلیا، گرفتار ملزم بھتہ خوری اور ڈکیتی سمیت متعدد وارداتوں میں ملوث تھا۔ ایس پی سٹی زیشان صدیقی کے مطابق گارڈن میں اولڈ اسکول روڈ پر پولیس مقابلے میں 1ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا، جس کے قبضے سے اسلحہ اور موٹر سائیکل بھی برآمد کرلی گئی۔ کھارادر تھانے کی حدود میں نپئرروڈ پر پولیس کی کارروائی میں 1منشیات فروش کو گرفتار کرلیا گیا، جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، گرفتار منشیات فروش کے قبضے سے منشیات اور اسلحہ برآمد کیا گیا۔ دوسری جانب محمود آباد پولیس نے کارروائی کرکے 2اسٹریٹ کرمنلز کو گرفتار کرلیا، گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور منشیات برآمد ہوئی ہیں اور ہاکس بے میں مشرف کالونی سے 1شخص کی تشدد زدہ لاش ملی ہے، جسے ضابطے کی کاروائی کے لئے سول اسپتال منتقل کردیا گیا