کراچی (نیوزڈیسک)تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی اہلیہ ریحام خان نے کہا ہے کہ کراچی میں امن و امان کی صورتحال میں ایک برس کے دوران بہتری آئی ہے ،اس کا کریڈٹ عمران خان کو جاتاہے۔کراچی آمد پر میڈیا سے گفتگو میں ریحام خان نے کہا کہ شہر میں امان و امان کی صورتحال میں واضح بہتری آئی ہے،یہی وجہ ہے کہ آج اپنے بچوں کو کراچی دکھانے آئی ہوں۔انہوں نے کہا کہ آج ہر پاکستانی آزاد فضا میں سانس لے رہا ہے ، آج کے دن ہمیں آزادی کے مفہوم کو یاد رکھنا چاہئے ۔ پاکستانی قوم علامہ اقبال اور قائداعظم کے نقش قدم پر چلے ۔ریحام خان نے مزید کہا کہ قائداعظم نے اقلیتوں کو بھی آزادی دی ، پاکستان کے جھنڈے میں خوبصورتی اقلیتوں کی وجہ سے ہے۔ان کا کہنا تھا کہ لندن میں بیٹھ کر ایسے لوگوں کے امیج کو خراب کیا جا رہا ہے، جنہوں نے وطن کے لئے قربانیاں دیں، اگر ہم تبدیلی کیلئے لوگوں کو رسک لینے کا کہتے ہیں تو خود بھی ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہوتے ہیں