اسلام آباد(نیوز ڈیسک)آپریشن ضرب عضب کے بعد شمالی وزیرستان کی فضائیں بھی یوم آزادی پر ملی نغموں سے گونج اٹھیں ، پرچم کشائی کی رنگارنگ جشن آزادی کی تقریب ہوئی۔آپریشن ضرب عضب کے بعد امن قائم ہوا تو شمالی وزیرستان کی فضائیں بھی ملی نغموں سے گونج اٹھیں۔آپریشن ضرب عضب کے کمانڈر میجر جنرل نعمان کی سربراہی میں میر علی میں یوم آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی شاندار تقریب ہوئی ، قبائلی عمائدین ، نمائندگان اور پولیٹیکل انتظامیہ سمیت لوگوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔بینڈ کی دھنوں نے ماحول کو گرمایا تو ملی نغموں کی دلکش دھنوں پر فوجی جوان اور قبائلی جھومے بغیر نہ رہ سکے ، تقریب میں تقریری مقابلے بھی ہوئے اور ملی نغموں نے بھی سماں باندھ دیا۔اس موقع پر بچوں میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے ، آپریشن ضرب عضب کے کمانڈر میجر جنرل نعمان محمود نے مادر وطن کے لیے ہر قربانی دینے کے عہد کو دہرایا۔ہنگو میں بھی ڈپٹی کمشنر آفس میں پرچم کشائی کی تقریب ہوئی ، دوآبہ میں یوم آزادی کے سلسلے میں ریلی بھی نکالی گئی۔