پشاور(نیوزڈیسک)آرمی پبلک اسکول حملے میں ملوث دہشت گردوں کو سزائے موت سنانے پر اے پی ایس کے شہداء بچوں کے والدین نے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ دہشت گرد صرف اے پی ایس کے بچوں کے والدین کے نہیں بلکہ پوری قوم کے دشمن ہیں۔ ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگوکرتے ہوئے شہدائے غازی فورم کے کوآرڈینیٹر قیصر خان کا کہنا تھا کہ ہمیں ان قاتلوں کو سزا سنانے پر خوشی ہے۔ آرمی پبلک اسکول کے شہید طالب علم عزیر علی کی والدہ نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ملزمان کو سزا سنانے سے ہمیں سکون مل گیا ہے ، ہمارے بچوں کی قربانی رائیگاں نہیں جانی چاہیے۔آرمی پبلک اسکول کے ایک اور شہید طالب علم مبین شاہ کے والد نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے اس فیصلے پر ان کے شکر گزار ہیں،ہوسکے تو ان دہشت گردوں کو شہیدوں کے والدین سامنے سر عام لٹکایا جائے۔