لاہور (نیوزڈیسک)ڈی جے بٹ کی پریشانیوں کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ شروع، پاکستان تحریک انصاف کے دھرنے اور جلوسوں میں ڈی جے میوزک آپریٹ کرنیوالے ڈی جے بٹ نے ایف بی آر کی جانب سے بھجوائے گئے انکم ٹیکس نوٹس کے خلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔ڈی جی بٹ کے وکیل نے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ایف بی آر نے ایک کروڑ بہتر لاکھ کے ٹیکس کی وصولی کے نوٹس بھجوائے ہیںاور یہ نوٹس جاری کرتے وقت قانونی تقاضے پورے نہیں کیے اور ٹیکس کا صحیح تخمینہ نہیں لگایا گیا۔ اس لیے ان ٹیکسوں نوٹسز کو کالعدم قرار دیا جائے اور ایڈیشنل کمشنر انکم ٹیکس کو کارروائی سے روک دیا جائے۔فاضل عدالت نے درخواست گزار کے وکیل کے دلائل سننے کے بعد ایڈیشنل کمشنر انکم ٹیکس کو ڈی جی بٹ کے خلاف حتمی فیصلہ کرنے سے روکتے ہوئے ایف بی آر سے جواب طلب کرلیا اور کیس کی مزید سماعت 17 اگست تک ملتوی کردی۔